7 جولائی 2011
وقت اشاعت: 20:23
دیر بالا میں افغان جنگجووٴں کا حملہ پسپا کردیا ، کرفیو بھی ختم کردیا گیا
جنگ نیوز -
دیر …خیبر پختون خوا کے ضلع دیر بالا میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے افغان جنگجووٴں کا حملہ پسپا کردیا اور حملہ آور واپس افغانستان فرار ہوگئے ہیں۔ ضلع کے مختلف علاقوں میں نافذ کرفیو بھی ختم کردیا گیا ہے۔ بدھ کی صبح افغان سرحد سے ملحقہ پاکستانی علاقے براول میں افغان جنگجووٴں نے دھاوا بولا جن کی تعداد آٹھ سو سے ایک ہزار تھی۔ حملہ آوروں نے اپر دیر کے مختلف علاقوں میں چار اسکولوں ، پندرہ دکانوں اور ایک مسجد کو آگ لگادی۔۔ آج سیکیورٹی فورسز ، قومی لشکر کے رضاکاروں اور پولیس کے تازہ دم دستوں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تحصیل براول کے تمام متاثرہ علاقوں کا کنٹرول حاصل کرلیا۔ شدت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر اب بھی وقفے وقفے سے گولا باری کی جارہی ہے۔ اور متاثرہ علاقوں میں نافذ کرفیو ختم کردیا گیا ہے۔ جھڑپوں میں 8 حملہ آور مارے گئے جبکہ قومی لشکر کے دو رضاکار شہید اور 5 زخمی ہوئے۔ دونوں رضاکاروں کو نصرت درہ میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔