8 جولائی 2011
وقت اشاعت: 2:53
سلیم شہزا د قتل:مائیک مولن کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے،پاکستان
جنگ نیوز -
اسلام آباد. . . . ... . پاکستانی حکومت کے ترجمان نیامریکی فوج کے سربراہ سے منسوب سلیم شہزاد کے حوالے سے بیان پرردعمل میں کہا ہے کہ اگر یہ بیان ایڈمرل مائیک مولن نے ہی دیا ہے تو انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے ،جس سے اس معاملے کی تہہ تک پہنچنے میں مدد نہیں مل سکتی۔ حکومت پاکستان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صحافی سلیم شہزاد کے قتل کی تحقیقات کیلئے پہلے ہی ایک غیر جانب دار، آزاد اور خود مختار کمیشن تشکیل دے دیا گیاہے جس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس کیس کے حوالے سے کسی کے پاس کوئی ثبوت ہے تو کمیشن کے سامنے لائے۔اگر کسی کوملکی یا بین الاقومی سطح پر کچھ کہنا ہے تو اس کمیشن کے سامنے پیش ہوکر کہے۔ اس کے علاوہ اگر کوئی بیان دیا جائے گا تو اس کو کمیشن کی کارروائی متاثر کرنے کی کوشش کے مترادف سمجھا جائیگا۔ ترجمان نے کہا ایسا لگتا ہے کہ کچھ طاقتیں اس معاملے کو پاکستان اور جمہوریت کے خلاف استعمال کرنا چاہتی ہیں۔اس پر حکومت افسوس کا ہی اظہار کرسکتی ہے۔