8 جولائی 2011
وقت اشاعت: 7:31
کراچی:ایم کیو ایم کا یوم سوگ،پبلک ٹرانسپورٹ غائب،دکانیں بند
جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے یوم سوگ کے باعث شہر میں کاروبار بند ہے اور سڑکوں سے ٹریفک غائب ہے۔کراچی میں ہونے والے پرتشدد اور فائرنگ کے واقعات کے خلاف آج ایم کیو ایم کے تحت یوم سوگ منایا جارہا ہے۔ یوم سوگ کے موقع پر شہر کی سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہونے کے ساتھ ہی پیٹرول پمپس بھی بند ہیں۔کراچی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر متحدہ قومی موومنٹ نے آج ملک بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔یوم سوگ کے موقع پر رابطہ کمیٹی نے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ یوم سوگ میں بھرپورحصہ لیں اور جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوار لواحقین سے اتحاد ویکجہتی کامظاہرہ کریں۔ رابطہ کمیٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ یوم سوگ کے دوران اپنے اپنے گھروں ، عمارتوں اوردکانوں پر سیاہ پرچم لہرائیں اور بازووٴں پر سیاہ پٹی باندھیں اور کراچی کے معصوم وبے گناہ شہریوں کی قتل وغارتگری کے خلاف اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائیں۔یوم سوگ کے موقع پر شہر میں کاروبار بند ہے اور سڑکوں سے ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے۔کراچی ٹرانسپورت اتحاد کا کہنا ہے کہ رات گئے تک بسیں سڑکوں پر نہیں لائیں گے اور آج کے حالات دیکھ کر گاڑیاں سڑکوں پر لانے کا فیصلہ کریں گے۔