8 جولائی 2011
وقت اشاعت: 6:25
آج کسی بھی وقت شرپسندوں کے خلاف آپریشن ہو گا، رحمان ملک
اے آر وائی - کراچی : وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ کراچی کے واقعات میں ملوث دہشت گردوں کے قریب پہنچ گئے ہیں۔کراچی ائر پورٹ پر آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں رحمن ملک نے کہا کہ دو روز میں ایک ہزار ایف سی کے جوان کراچی میں پوزیشنیں سنبھال لیں گے،اور تمام مورچوں کو آج ہی ختم کیا جائیگا۔ جو دہشت گرد گرفتار کئے جائینگے ان کو عوام کے سامنے ٹی وی پر لایا جائیگا۔ اور ان کی سیاسی وابستگی کو ظاہر کیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ وہ الطاف حسین اور اسفند یار ولی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کراچی کے حالات بہتر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ متحدہ سے کراچی اور لندن میں رابطوں میں ہیں۔ متحدہ کو یہ حق ہے کہ وہ حکومت میں رہے یا نہ رہے اس کو یہ حق ہے کہ وہ ہڑتال کرے اور احتجاج بھی کرے لیکن دہشت گردوں کیخلاف وہ ہمارا ساتھ دیں۔ رحمن ملک نے کہا کہ ذوالفقار مرزا پیپلزپارٹی کے بہادر رہنما ہیں اور وزارت میں جب وہ چاہیں گے آجائینگے۔