تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
8 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:45

کراچی امن سے محروم،شرپسندوں کی کارروائیاں،15افراد ہلاک

جنگ نیوز -
کراچی…افضل ندیم ڈوگر…کراچی میں دہشت گردی کی لہر آج چوتھے روز میں داخل ہوگئی ہے۔ آج تازہ پرتشدد واقعات میں مزید15 شہری ہلاک 12 زخمی ہوگئے۔تازہ ترین ہلاکت عیسیٰ نگری کے قریب ہوئی جب دو گروپوں میں مورچہ بند فائرنگ ہوئی۔ شرپسندوں نے مخالف آبادیوں کو راکٹوں اور بموں سے نشانہ بنانا شروع کردیا۔ متاثرہ علاقون سے بڑے پیمانے پر نکل مکانی ہورہی ہے۔ کراچی میں منگل کو اچانک شروع ہونے والی دہشت گردی کی لہر میں آج تک لگ بھگ 81 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ جبکہ لگ بھگ دو سو شہری زخمی ہوچکے ہیں۔ جن میں معصوم بچے، خواتین اور بوڑھے بھی شامل ہیں۔ اورنگی ٹاوٴن سے پھوٹنے والے پرتشدد ہنگاموں نے کراچی غربی اور وسطی کے علاقوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ جس کے نتیجے میں اورنگی ٹاوٴن، کٹی پہاری، قصبہ کالونی، مسلم آباد، علی گڑھ کالونی، اسلامیہ کالونی، ہریانہ کالونی، مومن آباد، بنارس، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، بلدیہ ٹاوٴن، سائٹ، شیرشاہ اور دیگر آبادیاں بھی دہشت گردی اور بدامنی کی لپیٹ میں آچکی ہیں۔ جہاں حکومت یا اس کی حکمرانی، قانون یا اسے نافذ کرنے والے ادارے ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ شہر میں پولیس اور رینجرز کی چوکیاں خالی ہیں۔ جہان سے سرکاری اہلکار غائب ہیں اور اطلاعات کے مطابق ایسی بیشتر چوکیاں اب دہشت گردوں کے استعمال میں ہیں۔ شدید فائرنگ سے سیکڑوں شہری ان علاقوں سے نقل مکانی کرچکے ہیں۔ جن کی املاک کو جلایا جارہا ہے جبکہ انتہائی مجبوری کے باعث ان آبادیوں میں رکے ہوئے شہری گولیوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔ کراچی کی مسرور ائر بیس سے جڑے ہوئے علاقے بلدیہ ٹاوٴن میں تو دہشت گردوں نے شدید فائرنگ کے ساتھ ساتھ مخالفین کے گھروں پر راکٹ لانچرز اور دستی بموں سے حملے کئے ہیں یہ راکٹ گذشتہ رات گئے بلدیہ ٹاوٴن کے پٹنی محلے، گجرات محلے، ترک محلے، کے ایس مجاہد روڈ کے گھروں پر گرے۔ شرپسندوں نے دستی بموں سے بھی سرکاری و نجی املاک کو نشانہ بنایا۔ جس سے ایک بچے اور خاتون سمیت 4 افراد زخمی بھی ہوئے۔ کراچی مین گذشتہ روز 37 افراد دہشت گردی بھینٹ چڑھ گئے۔ جبکہ آج تازہ واقعات میں آخری اطلاعات تک مزید 13 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ تازہ واقعات میں اورنگی ٹاوٴن میں 5، بلدیہ ٹاوٴن میں دو، کھارادر میں 3 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، فائرنگ سے دیگر ہلاکتیں، نیوکراچی، سولجر بازار، ماڈل کالونی میں ہوئیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.