8 جولائی 2011
وقت اشاعت: 14:22
کراچی: ٹارگٹڈآپریشن کیلئے مختلف علاقوں کو پولیس،رینجرز کے حوالے کیا جائیگا
جنگ نیوز -
کراچی...وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے اعلان کیاہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں کوٹارگٹڈ آپریشن کیلئے پولیس،رینجرزاورایف سی کے حوالے کیاجائے گاجبکہ میڈیا کوکوریج کی اجازت نہیں ہوگی، انہوں نے بتایا کہ کٹی پہاڑی سمیت مختلف علاقوں میں طالبان موجود ہیں۔نیشنل کرائسس منجمنٹ سیل میں اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے بتایاکہ امن امان کے قیام کے لئے کراچی کے متاثرہ علاقوں کو علیحدہ علیحدہ پولیس رینجرز اور ایف سی کے حوالے کررہے ہیں جن علاقوں میں جس کی دسترس اور مہارت ہوگی وہاں وہ کارروائی کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ایف سی کے پندرہ سواہلکار کراچی میں موجود ہیں جن کو فوری طور پرتعینات کررہے ہیں، ضرورت پڑی تو دیگر صوبوں سے بھی فورسز طلب کرسکتے ہیں۔وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے بتایا کہ انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ کٹی پہاڑی سمیت مختلف علاقوں میں طالبان موجو د ہیں اور باہر سے بھی کچھ لوگ کراچی پہنچے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ شہر میں سیٹلائٹ اور گوکل نقشوں کی مدد سے بھی مانیٹرنگ کررہے ہیں۔وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھاکہ سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کے لئے چند روز میں وزیر اعلیٰ ہاوٴس بلائیں گے،انہوں نے بتایا کہ گزشتہ شب بجلی نہ ہونے کے باعث آپریشن نہیں ہوسکا ، اب حکمت عملی پر نظر ثانی کی ہے۔تاہم پولیس نے چوبیس گھنٹوں کے دوران گرفتاریاں کی ہیں اور کٹی پہاڑی پر دہشت گردوں سے دو چیک پوسٹیں خالی کرائی ہیں دہشت گرد بچوں اور بوڑھوں کو ڈھال بنارہے ہیں۔