8 جولائی 2011
وقت اشاعت: 14:35
پنجاب، خیبر پختونخوا میں بارش،چھتیں گرنے سے4بچے جاں بحق
جنگ نیوز -
لاہور...پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی شہروں میں موسلادھار بارش جاری ہے۔فیصل آباد میں دو بچیاں،گوجرانوالہ اور لکی مروت دو بچے گھروں کی چھتیں گرنے سے جاں بحق ہوگئے۔فیصل آبادشہر اور گردنواح میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ساندل بار کے علاقے میں مکان کی چھت گرنے سے 2بچیاں جاں بحق ہوگئیں۔ادھرکھڑانوالہ میں بھی مکان کی چھت گرنے سے 4بچوں سمیت 6افراد زخمی ہوگئے۔ گوجرانوالہ میں بارش کے باعث کشمیر روڈ پر پرانی دیوار گرنے سے ڈیڑھ سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔جھنگ میں آج صبح سے ہی تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔سرگودھا میں بارش سے شہر کے اہم بازاروں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوش گوار ہوگیا۔لکی مروت اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے برساتی ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔محلہ مینا خیل میں بارش کی وجہ سے گھر کی چھت گرنے سے 5سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔جبکہ دریائے گمبیلا میں سیلاب کے خطرے کے پیش نظر قریبی آبادیوں کو نقل مکانی کا حکم جاری کردیاگیا ہے۔شمالی وزیرستان میں بارش سے دریائے توچی میں طغیانی آگئی،جس سے حفاظتی پشتے ٹوٹ گئے، کئی علاقے زیر آب آگئے اورفصلوں کونقصان پہنچا،پشاور اورگرد و نواح میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔