8 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:21
کراچی: 5ہزار چوری شدہ پاسپورٹس برآمد، 5ملزمان گرفتار کرلئے گئے
جنگ نیوز -
کراچی...کراچی میں ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے دفتر سے چوری کئے گئے 5 ہزار سے زائد پاسپورٹ برآمد کرکے پولیس نے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ کراچی میں میٹروپول کے قریب واقع ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے مرکزی دفتر سے 6 جون کو پانچ ہزار 634 پاسپورٹ چوری کرلئے گئے تھے۔ یہ پاسپورٹ عمرہ ویزے کیلئے مختلف ٹریول ایجنٹس نے جمع کئے تھے جنہیں معمول کے مطابق ایسوسی ایشن کی جانب سے ویزوں کیلئے سعودی قونصل خانے میں جمع کرایا جانا تھا، کہ پاسپورٹ سے بھرے 17 بیگ چوری کر لئے گئے جس کی رپورٹ آرٹلری میدان تھانے میں درج کرائی گئی تھی۔ واردات کی تفتیش ایس آئی یو کے سپرد کی گئی تھی تاہم ایسوسی ایشن کی جانب سے شکایت پر تفتیش چند روز قبل تبدیل کرکے ایس ایس پی انوسٹی گیشن نیاز کھوسو کے حوالے کی گئی تھی۔ ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر سہراب گوٹھ میں کارروائی کرکے پانچ ملزمان شہر یارخان، طاہر احمد، انس مقبول، سلمان اور وہاج کو گرفتارکرکے 5 ہزار 449 پاسپورٹ برآمد کرلئے جبکہ دیگر 185 پاسپورٹ برآمد کرنے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔