تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
8 جولائی 2011
وقت اشاعت: 19:59

کراچی ، کشیدگی والے علاقوں میں پرتشدد واقعات جاری،مزید 23افراد ہلاک

جنگ نیوز -
کراچی...کراچی میں دہشت گردی چوتھے روز بھی جاری رہی۔ دن بھر پر تشدد واقعات میں مزید 23 شہری ہلاک اور 25 سے زائد زخمی ہوگئے۔ شرپسندوں نے آبادیوں کوراکٹوں اوردستی بموں سے نشانہ بنانا شروع کردیا ہے، متاثرہ علاقوں سے نقل مکانی بھی ہورہی ہے۔آئی جی سندھ کی جانب سے شرپسندی کے الزام میں89 ملزمان کی گرفتاری کے دعویٰ کے باوجود بدامنی کیوں نہ رک سکی۔کراچی میں منگل کوشروع ہونے والی پرتشدد کارروائیوں کا چوتھا دن بھی لگ بھگ دو درجن شہریوں کو موت کی وادی میں دھکیل کر غروب ہوا۔اورنگی ٹاوٴن سے پھوٹنے والے پرتشدد ہنگاموں نے کٹی پہاری، قصبہ کالونی، مسلم آباد، علی گڑھ کالونی، اسلامیہ کالونی،گلفام آباد، ہریانہ کالونی، مومن آباد، بنارس کے اطراف کی آبادی میں وحشت پھیلا کر بلدیہ ٹاوٴن، اولڈ سٹی ایریا کے پرامن علاقے کھارادر، نیپئر روڈ بھیم پورہ ، شیرشاہ اور دیگر آبادیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ جدید اسلحہ سے لیس دندناتے دہشت گردوں کو کوئی روکنے والا دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ حکومت اوراس کی حکمرانی، قانون یا اسے نافذ کرنے والے ادارے ناکام دکھائی دیئے۔ شہر کر بیشتر علاقوں میں پولیس اور رینجرز کی چوکیاں خالی پڑی رہیں ،اور اطلاعات کے مطابق بیشتر چوکیاں دہشت گرد اپنی کارروائیوں کے لئے استعمال کیا۔ شدید فائرنگ کے باعث سیکڑوں شہری متاثرہ علاقوں سینکل مکانی کرگئے۔ متاثرہ علاقوں میں بھاری مالیت کی املاک کوجلا دیا گیا۔ جبکہ انتہائی مجبوری کے باعث متاثرہ آبادیوں میں رکے ہوئے شہری خوف کے سائے اور گولیوں کا نشانہ بنتے رہے،کراچی کی مسرور ائر بیس سے جڑے ہوئے علاقے بلدیہ ٹاوٴن میں تودہشتگردوں نے شدید فائرنگ کے ساتھ مخالفین کے گھروں پر راکٹ لانچرز اور دستی بموں سے بھی حملے کئے۔ اولڈ سٹی ایریا میں بھیم پورہ میں موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے ایک گھر پر دستی بم سے حملہ کیا۔ جس سے دوافراد ہلاک اور6 زخمی ہوئے۔ اس کے قریبی علاقے نیپئر روڈ پر عمارت جلادی گئی۔ جہاں رینجرز نے کارروائی کرکے 6 شرپسندوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ چار روز کی پرتشدد کاروائیوں کے دوران آئی جی سندھ واجد علی درانی یا کوئی اور سینئر پولیس افسر ان علاقوں میں دکھائی نہیں دیا۔ تاہم آئی جی سندھ کی جانب سے ایک دعویٰ سامنے آیا کہ شرپسندی کے الزام میں 89 ملزمان کوگرفتار کرکے ان کے قبضے سے کلاشنکوف اور 20 ٹی ٹی پستول سمیت اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے، لیکن دہشت گردی نہ رک سکی۔




متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.