تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 جولائی 2011
وقت اشاعت: 2:23

کشیدگی والے علاقوں میں رینجرز اور پولیس کا کنٹرول ،مزید3 افراد ہلاک

جنگ نیوز -
کراچی. . .. .. . . کراچی کے مختلف علاقوں میں منگل کے روز سے شروع ہونے والے پرتشدد واقعات کے بعد بلاآخر رینجرز اور پولیس حرکت میں آگئی ہے۔شہر کے سب سے زیادہ کشیدہ صورتحال والے علاقوں قصبہ کالونی،کٹی پہاڑی سے خواتین اور بچوں کی نقل ومکانی کا سلسلہ بھی جاری ہے،رات 12 بجے کے بعد فائرنگ کے تازہ واقعات میں مزید 3 افراد جاں بحق بھی ہوئے ہیں۔روشنیوں کا شہر کراچی منگل کے روز سے گولیوں کی گھن گرج،مسافر بسوں پر فائرنگ،رہائشی آبادیوں پر راکٹ اوردستی بموں کے حملوں اورشہریوں کی آہ وبکا سے گونج رہا ہے، دوسری جانب دکانوں اور گاڑیوں کو آگ لگائے جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔جن سے اٹھتے شعلے خوف کی فضا برقراررکھنے کیلئے کافی ہیں۔گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کی جانب سے شرپسندوں کے خلاف کارروائی کے احکامات ملنے کے بعد کراچی کی شاہراہوں سے سرفراز قتل کیس کے بعد سے غائب رینجرز اہلکار دوبارہ سڑکوں پر دکھائی دے رہے ہیں،بلکہ گاڑیوں کو روک کر تلاشی بھی لی جارہی ہے۔کراچی کے شورش زدہ علاقوں قصبہ کالونی،بنارس،کٹی پہاڑی،اورنگی ٹاوٴن اور بلدیہ ٹاوٴن میں رات گئے تعینات رینجرز اور پولیس کمانڈوز نے گشت کا سلسلہ شروع کردیا،جس کے دوران قصبہ کالونی میں رینجرز اہلکاروں نے اپنی نگرانی میں 4 روز سے محصورمکینوں کو ریسیکو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کیا لیکن علاقہ میں کشیدگی تاحال برقرار ہے،اور متاثرہ علاقے نوگو ایریا دکھائی دیتے ہیں۔ان علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ،رکشہ ،ٹیکسیاں نہیں چل رہی،جبکہ پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشن بھی بند ہیں،متاثرہ علاقوں میں چار روز سے دکانیں نہ کھلنے سے کھانے پینے کی اشیاء کی قلت بھی ہوگئی ہے۔دوسری جانب متاثرہ علاقوں میں رینجرز اور پولیس کمانڈوز کی جانب سے ٹارگٹ آپریشن کی تیاروں کو حتمی شکل بھی دے دی گئی ہے۔




متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.