تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:44

کراچی:اورنگی اور بلدیہ میں کشیدگی برقرار،فائرنگ سے مزید3افراد ہلاک

جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کے بدامنی کا شکار علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کے بعد شہر میں آج دہشت گردی کی کوئی بڑی واردات نہیں ہوئی۔ اورنگی ٹاوٴن اور بلدیہ میں کشیدگی برقرار ہے، فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں 3 افراد ہلاک چھ زخمی ہوگئے۔ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاوٴن، بلدیہ اور اولڈ سٹی ایریا کی بعض آبادیاں گذشتہ پانچ روز سے گولیوں کی گھن گرج، مسافر گاڑیوں پر فائرنگ، رہائشی آبادیوں پر راکٹ باری اوردستی بموں کے حملوں کی زد میں ہیں۔ لگ بھگ سو زائد شہریوں کی موت اور بھاری مالی نقصانات کے بعد حسب سابق سرکاری مشینری حرکت میں آئی اور دہشت گردوں کی چار روز کی خونی کارروائیوں کے بعد خاموش تماشائی بنے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے متاثرہ علاقوں میں مداخلت کی۔ جس سے اورنگی ٹاوٴن، کٹی پہاڑی، قصبہ کالونی، علی گڑہ کالونی، بنارس کالونی، بلدیہ اور دیگر علاقوں میں صورتحال بہتری آئی۔رات گئے سے اب تک ان علاقوں میں دہشت گردی، فائرنگ یا بدامنی کی کوئی بڑی واردات دیکھنے میں نہیں آئی تاہم کشیدگی برقرار ہے۔ قصبہ کالونی سے رات گئے نامعلوم شخص کی گولیاں لگی لاش ملی۔ جبکہ اسی علاقے میں فائرنگ کے واقعات میں ایک ہی خاندان کے چار سمیت چھ شہری زخمی ہوگئے۔ کراچی کی سینٹرل جیل کے قریبی علاقے پی آئی بی کالونی میں فائرنگ کے واقعات میں دو افراد عبدالوحید پٹیل اور شکیل ہلاک ہوئے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس نے کاروائیوں کے دوران کئی درجن افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.