9 جولائی 2011
وقت اشاعت: 10:47
بیرون ملک سے بھیجی گئی ترسیلات زرریکارڈ سطح سے تجاوز کر گئیں
جنگ نیوز -
کراچی…بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ملک سے دور رہ کر بھی پاکستان کی مالی مشکلات کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ 30جون کو ختم ہونے والے مالی سال بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم11 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح سے تجاوز کر گئیں۔مرکزی بینک کے ترجمان سید وسیم الدین کے مطابق، مالی سال دو ہزار دس۔گیارہ میں، بیرون ملک پاکستانیوں نے گزشتہ سال کے مقابلے میں 25 فیصد سے زائد رقوم ملک بھجوائیں اور ان کی مالیت 11 ارب 20 کروڑ ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ صرف جون کے ایک مہینے کے دوران، ترسیلات زر کا حجم 1 ارب 10 کروڑ ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔ ماہرین کے مطابق، ترسیلات زر میں اضافے کی وجہ حکومت کی جانب سے ترسیلات زر کے نظام میں بہتری اور بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے بینکاری نظام پر بڑھتا ہوا اعتماد ہے۔ بڑھتی ترسیلات زر نے روپے کی قدر کو جہاں استحکام دیا، وہاں غیر ملکی ادائیگیوں اور وصولیو ں کے فرق کو بھی کافی حد تک کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔