9 جولائی 2011
وقت اشاعت: 16:42
شہید ایوب علی کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے‘محمد حسین محنتی
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی سیاسی مصلحت کی وجہ سے معصوم لوگ شہید ہو رہے ہیں‘ دودنوں میں 100سے زائد افراد کی ہلاکت حکومت اور سیکورٹی اداروں کی بد ترین ناکامی ہے۔ایوب علی تحریک اسلامی کے ایک پرعزم کارکن تھے‘ان کی پوری زندگی اللہ اور اسکے رسول ﷺ کے راستے میں وقف رہی ‘جماعت اسلامی شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور شہر میں امن وامان کے قیام کے لئے ہر ممکن جدوجہد کرے گی ۔ایوب علی کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کر کے عبرت ناک سزا دی جائے ۔وہ گذشتہ رات اپنے گھر پر درس قرآن پیش کرتے ہوئے دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے جماعت اسلامی کے رکن اور جمشید زون کے نائب امیر ایوب علی کی نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔نماز جنازہ جامع مسجد محمد بن قاسم سندھی مسلم سوسائٹی نزد گلستان اسکول میں امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ اسداللہ بھٹو کی امامت میں اد کی گئی۔محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ ایوب علی جماعت اسلامی کے فعال رہنما تھے‘ظالموں نے ہمیں ایک بہترین ذمہ دار کارکن سے محروم کردیا،مگر جماعت اسلامی شہر سے دہشت گردی کے خاتمے اور امن کی فضا قائم کرنے کے لئے حتی المقدور کوشش کریگی۔بعدازاں شہید کو سینکڑوں سوگواران کی موجودگی میں سوسائٹی قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا۔