9 جولائی 2011
وقت اشاعت: 16:53
ملک میں چینی کی قلت نہیں ، صوبے ذخیرہ اندوزی روکیں، وزارت صنعت
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . . وزارت صنعت کے مطابق چینی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ ناجائز ہے اوراس کی کسی بھی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کیلئے وزارت داخلہ اور صوبوں کو پہلے ہی درخواست دی جاچکی ہے ۔وزارت صنعت کے جاری اعلامئے کے مطابق ملک میں چینی کی کوئی قلت نہیں ہے جبکہ ملک میں چینی کا موجودہ ذخیرہ20 لاکھ ٹن سے زائد ہے جو3.5 لاکھ ٹن ماہانہ کھپت کو دیکھتے ہوئے25 دسمبر2011 تک کافی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مالیاتی ایکٹ 2011 کو مدنظر رکھتے ہوئے چینی سیلزٹیکس سے مستثنیٰ ہے جبکہ صرف 8 فیصد ایکسائیز ڈیوٹی اس پر لاگو ہے اور 2.5 فیصد ایکسائیز ڈیوٹی اس پر یکسر ختم کردی گئی ہے جس کے بعد چینی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا کوئی جواز نہیں۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق گذشتہ ایک ماہ کے دوران سندھ و پنجاب میں چینی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے اضافہ دیکھا گیا اور ملک بھر میں ریٹیل سطح پرفی کلو 70 روپے سے زائد نرخ پر فروخت ہو رہی ہے۔