9 جولائی 2011
وقت اشاعت: 19:55
جنرل ضیاء کی باقیات کا الائنس ایک بار پھر ناکام ہوگا ، شفقت تنویر
جنگ نیوز -
نیویارک . . . . . پاکستان پیپلز پارٹی امریکاکے صدر شفقت تنویر نے کہا ہے کہ پانچ جولائی 1977پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا۔اس روز ایک ڈکٹیٹر جنرل ضیاء الحق نے قائد عوام شہیدذوالفقار علی بھٹو اور جمہوریت کا ہی نہیں بلکہ پاکستان کے کروڑوں عوام کے حقوق کا بھی قتل عام کیا۔انہوں نے کہا کہ پانچ جولائی کے مارشل لاء نے پاکستان کو ملکی تاریخ کی تین جنگوں سے زیادہ بڑھ کر نقصان پہنچایا۔یہ بات انہوں نے پانچ جولائی کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے بعد میڈیاکے نمائندوں سے خصوصی بات چیت کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ ایک پانچ جولائی نے ملک کی تاریخ کو بدل کر رکھ دیا اور پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا جس سے ہم آج تک سنبھل نہیں پا رہے ہیں۔ شفقت تنویر نے مزید کہا کہ جنرل ضیاء الحق کی بدنیتی اور ظلم کا نتیجہ ہے کہ آج جنرل ضیاء الحق کی اولاد تک ان کا نام لینا چھوڑ گئی ہے ۔جنہوں نے جنرل ضیاء الحق کو اپنا سیاسی باپ بنایا ہوا تھا، وہ آج ان کے نام پر کھلے عام تنقید تو کرتے ہیں لیکن اندر سے اسی سوچ کی نمائندگی کرتے ہیں۔آج یہ پھر ایک نئے الائنس کے لئے پوشیدہ ہاتھوں کی تلاش میں ہیں۔یہ لوگ کبھی بھی جمہوریت سے مخلص نہیں رہے بلکہ جمہوری قوتوں کو سیڑھی کے طور پر استعمال کیا ۔شفقت تنویر نے کہا کہ قائدشہید عوام ذولفقار علی بھٹو ، شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو ، میر مرتضی بھٹو شہید اورشہید شاہنواز بھٹو سمیت بھٹو خاندان کی تاریخ قربانیوں سے بھری ہوئی ہے اور پانچ جولائی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا مقصداس عہدکا اعادہ کرنا ہوتاہے کہ ہم اپنے شہید قائدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بڑی سے بڑی قربانی دیں گے لیکن جمہوریت اور ملک و قوم کے حقوق پر کسی کو دوبارہ ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم چےئر مین آصف علی زرداری کی قیادت میں انشاء اللہ بھٹوازم کا مشن مکمل کرکے دم لیں گے ۔بھٹو ازم کی تکمیل کا مطلب پاکستان اور عوام کی خوشحالی اور سماجی انصاف کی فراہمی ہے۔