9 جولائی 2011
وقت اشاعت: 20:6
امید ہے کل کے دوست امن و امان سبوتا ژ نہیں کرینگے،ذوالفقارمرزا
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . سندھ کے سابق وزیرداخلہ ڈاکٹرذوالفقارمرزا کا کہنا ہے کہ جو کل تک دوست تھے،اب وہ دوست نہیں رہے لیکن امید ہے کہ وہ امن و امان سبوتا ژ نہیں کریں گے۔سندھ حکومت کی جانب سے سندھ کے سینئروزیر کے ساتھ ورکس اینڈ سروسزجیل خانہ جات اورمحکمہ جنگلات کے قلمدان سونپے جانے کے بعدڈاکٹرذوالفقار مرزا نے کنگری ہاوٴس کراچی میں مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیرصاحب پگارا سے ملاقات کی۔اس موقع پرانہوں نے کہاکہ وہ پیر صاحب پگارا کی جانب سے سندھ میں فوج بلانے کے مطالبے سے متفق ہیں،لیکن ابھی اس کاوقت نہیں آیا۔سندھ حکومت نے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کو سینئر صوبائی وزیر سمیت ورکس اینڈ سروسز اور جنگلات کے قلمدان سونپ دئے ہیں جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔حکومت سندھ کی جانب سے سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزاکو سندھ کا سینئر وزیر بنایا ہے جبکہ وزیر تعلیم سندھ پیر مظہر الحق بھی بطور سینئر وزیر کام کرتے رہیں گے۔ حکومت سندھ کی جانب سے پہلی بار بیک وقت دو سینئر وزیر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ہاوٴس سے جاری اعلامیہ کے مطابق پیر مظہر الحق اور ڈاکٹر ذوالفقار مرزا دونوں بطور سینئر وزیر کام کرتے رہیں گے۔