تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
10 جولائی 2011
وقت اشاعت: 7:53

کراچی میں کئی روز بعد خونریزی میں کمی،زندگی ڈگر پر آنے لگی

جنگ نیوز -
کراچی…شہر قائد میں چار دن بعد ہلاکتوں کاسلسلہ تھم گیا، پانچویں روز شہر میں زندگی معمول پر آنے لگی اور شہریوں نے ہفتہ کو سکھ کا سانس لیا، شہر کی رونقیں بحال ہوگئیں،کاروباری و تجارتی مراکز اورپیٹرول پمپ کھل گئے، سڑکوں پر ٹریفک بحال اور خوف وہراس کے بادل قدرے چھٹ گئے۔ دوسری جانب پاکستان رینجرزکی جانب سے کٹی پہاڑی اور دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں جاری سرچ آپریشن اختتام پذیرہوگیا،رینجرز نے کٹی پہاڑی کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا اور متاثرہ علاقوں میں چوکیاں قائم کرکے وہاں رینجرزاہلکاروں سمیت کمانڈوزکو تعینات کرکے علاقوں میں گشت شروع کردیاہے،آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا جبکہ رینجرز نے متاثرہ خاندانوں کو ریسکیو بھی کیا اور پھنسے ہوئے لوگوں کو نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ پاکستان رینجرزکے ترجمان کے مطابق کٹی پہاڑی اور دہشت گردی سے متاثرہ دیگر علاقوں میں شروع کیا جانے والا آپریشن ہفتہ کی دوپہر اختتام پذیر ہوگیا ، ذرائع نے بتایا کہ پاکستان رینجرز سندھ کے عملے نے فائرنگ کے واقعات سے متاثرہ علاقوں بنارس چوک، قصبہ کالونی ڈھائی نمبر ڈیڑھ نمبر، اے ایریا، اسلامیہ کالونی، علی امام بارگاہ، چاغی ہوٹل، کٹی پہاڑی اور دیگر مقامات پر چوکیاں قائم کردی ہیں جہاں رینجرز اہلکاروں کے ساتھ کمانڈوزکو بھی تعینات کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق رینجرز اہلکاروں نے آپریشن کے دوران 91 افراد کوگرفتارکیا۔ پاکستان رینجرز کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رینجرز کی جانب سے قصبہ کالونی اورکٹی پہاڑی کے علاقے میں کیے گئے آپریشن میں رینجرزکے 6 ونگز اور رینجرز کمانڈوز نے حصہ لیا، آپریشن کے دوران ایریاکلیئرنس کے ساتھ ساتھ متاثرہ خاندانوں کوبھی ایریا سے ریسکیوکیا گیا۔ ترجمان کے مطابق متاثرہ علاقے مکمل طور پر رینجرزکے کنٹرول میں ہیں، آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمدکیاگیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.