10 جولائی 2011
وقت اشاعت: 11:4
سندھ میں کمشنری نظام کی بحالی، متحدہ کا عدالت سے رجوع کرنے کا امکان
جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے سندھ میں کمشنری نظام اور دیگر کی بحالی کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا امکان ہے، متحدہ قومی موومنٹ کے ذرائع کے مطابق فیصلے کا اعلان رابطہ کمیٹی کے آج ہونے والے مشترکہ اجلاس میں کیا جائیگا۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا لندن اور پاکستان میں مشترکہ اجلاس اج چار بجے ہوگا۔قائم مقام گورنرسندھ نثا ر احمد کھوڑو نے تین مختلف آرڈیننس کا اجرا کرکے سندھ میں کمشنر ی نظام، سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 1979اور پولیس ایکٹ بحال کردیا تھا۔جبکہ سندھ حکومت نے لینڈ ریونیو ترمیمی آرڈیننس 2011 کانوٹیفکیشن جاری کیا ہے ،آرڈیننس میں کراچی کی سابقہ کراچی ڈویڑن والی حیثیت کو بحال کردیا گیا ہے۔محکمہ لینڈ ریونیو سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق حیدرآباد کو سابقہ نظام کے تحت ڈویڑن کی حیثیت دیدی گئی ہے جسے موجودہ آرڈیننس کے تحت آٹھ اضلاع میں تقسیم کیا گیا ہے ان میں ضلع حیدرآباد،ضلع ٹنڈو الہ یار،ضلع ٹنڈو محمد خان،ضلع مٹیاری،ضلع بدین،ضلع ٹھٹھہ،ضلع جامشورو اور ضلع دادو شامل ہیں۔میرپورخاص ڈویڑن کو چار ضلعوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں ضلع میرپورخاص،ضلع تھرپارکر مٹھی،ضلع عمرکوٹ اور ضلع سانگھڑ شامل ہیں۔ سکھر ڈویڑن میں ضلع سکھر،ضلع گھوٹکی،ضلع خیرپور،ضلع نوشہرو فیروز اور ضلع شہید بے نظیر آباد شامل کیے گئے ہیں جبکہ لاڑکانہ ڈویڑن میں ضلع لاڑکانہ،ضلع قمبر/شہداد کوٹ،ضلع شکارپور،ضلع جیکب آباد اور ضلع کشمور شامل ہیں۔