10 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:26
زرداری کی موجودگی میں انتخابات ہوئے تو خانہ جنگی ہوجائیگی، عمران خان
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . . پاکستان تحریک انصاف نے ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے سپریم کورٹ کی نگرانی میں وسط مدتی انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کی موجودگی میں انتخابات ہوئے تو ملک خانہ جنگی کا شکار ہوجائیگا۔عمران خان اسلام آباد میں تحریک انصاف کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ صدر اور وزیر اعظم سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل در آمد نہیں کر رہے لہذا ان پر توہین عدالت کا مقدمہ چلنا چاہئے۔عمران خان نے کہا کہ، حکومت ہٹاوٴ پاکستان بچاوٴ،تحریک کے تحت فیصل آباد ، لاہور اور اسلام آباد میں جلسے منعقد کئے جائیں گے۔عمران خان نے بتایا کہ جولائی کے آخر سے پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر ہفتہ وار دھرنا دیا جائے گا اور دھرنے کا یہ سلسلہ رمضان میں بھی جاری رہے گا۔