11 جولائی 2011
وقت اشاعت: 3:28
کراچی ڈویژن کے پانچوں اضلاع بحال کر دیے گئے
جنگ نیوز -
کراچی .. . . .. . .حکومت سندھ نے کراچی ڈویژن کے پانچوں اضلاع بحال کر دیے۔ سندھ کے پانچوں ڈویژنل ہیڈکوارٹرزمیں تعینات ڈی سی اوز کو کمشنر کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ ہاوٴس سے جاری اعلامیے کے مطابق محکمہ ریونیو سندھ کے آرڈیننس کے تحت کراچی ڈویژن ضلع جنوبی، ضلع شرقی، ضلع غربی، ضلع وسطی، اور ضلع ملیر پر مشتمل ہوگا اور ان اضلاع کی حدود سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2001 کے نفاذ سے پہلے والی ہوں گی۔جبکہ ضلع ٹنڈو الہیار، ضلع ٹنڈو محمد خان اور ضلع مٹیاری کو ختم کر کے حیدر آباد کی پرانی حیثیت بحال کر دی گئی ہے۔ حیدرآباد ڈویڑن پانچ اضلاع پرمشتمل ہوگا جس میں ضلع حیدر آباد،ضلع دادو، ضلع ٹھٹھ، ضلع بدین اور ضلع جام شورو شامل ہوں گے۔ اعلامیے کے مطابق سکھر ڈویڑن پانچ اضلاع پر مشتمل ہوگا جس میں ضلع سکھر،ضلع گھوٹکی، ضلع خیر پور، ضلع نوشہرو فیروز، اور ضلع شہید بے نظیر آباد شامل ہوں گے جبکہ میرپور خاص ڈویڑن چار اضلاع پر مشتمل ہوگا جس میں ضلع میرپور خاص، ضلع عمر کوٹ، ضلع تھرپارکراور ضلع سانگھڑ شامل ہوں گے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق لاڑکانہ ڈویڑن میں ضلع لاڑکانہ، ضلع قمبر شہداد کوٹ،ضلع شکار پور، ضلع جیکب آباد، اور ضلع کشمور شامل ہوں گے۔حکومت سندھ کے ایک اور حکم نامے کے تحت کراچی، حیدر آباد، لاڑکانہ، میر پور خاص اور سکھر ڈویڑن کے ڈویڑنل ہیڈ کوارٹرز میں تعینات ڈی سی اوز کو کمشنر کا عارضی چارج بھی دے دیا گیا ہے۔ کراچی ڈویڑن کے پانچوں اضلاع بحال کر دیے گئے۔