تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
11 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:55

لاہور، سبزی منڈی منتقل کئے جانے کیخلاف آڑھتیوں کا احتجاج

جنگ نیوز -
لاہور…لاہورمیں کوٹ لکھپت کی سبزی و فروٹ منڈی کو کاہنہ منتقل کرنے پر آڑھتیوں اور پولیس کے درمیان تصادم ہو گیا۔ دونوں جانب سے پتھراوٴ کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسوگیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی۔ جبکہ مظاہرین نے ایک سرکاری ٹرک کو آگ لگا کر فیروز پور روڈ پر ٹریفک بلاک کئے رکھی۔ یہ ہنگامہ آرائی اس وقت شروع ہوئی جب پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے آڑھتیوں اور ٹرکوں کو کوٹ لکھپت کی سبزی منڈی میں داخل ہونے سے روکا۔ آڑھتیوں کو کاہنہ منتقل ہونے ہدایت کی گئی، تاہم انہوں نے سرکاری حکم ماننے سے انکار کر دیا، وہ بضد تھے کہ ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق انہیں منتقلی کیلئے مناسب وقت دیا جائے۔پولیس اور آڑھتیوں کے درمیان پہلے تکرار ہوئی، پھر باقاعدہ جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ فیروز پور روڈ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگی۔ مشتعل مظاہرین نے ضلعی انتظامیہ کے ایک ٹرک کو آگ لگا دی۔ کئی نجی گاڑیوں کے بھی شیشے توڑ دیئے۔ ہنگامے کے باعث فیروز پور روڈ پر ٹریفک دو گھنٹے بلاک رہی۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھراوٴ کیا اور انہیں ڈنڈے بھی مارے۔ مظاہرین آنسو گیس کی شیلنگ سے قابو میں نہ آئے تو پولیس نے ہوائی فائرنگ کر دی، جس سے مظاہرین کی دوڑیں لگ گئیں۔ پولیس نے بھاگتے آڑھتیوں کا پیچھا کر کے کئی افراد کو گرفتار کر لیا۔ مظاہرین بکھرے تو پولیس والے بھی شیر ہو گئے، جو پکڑا گیا اس پر ہاتھ صاف کرتے رہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.