11 جولائی 2011
وقت اشاعت: 13:13
لیاری میں وزرا کی زیرسرپرستی مسلح حملے فوری بند کرائے جائیں، متحدہ
جنگ نیوز -
کراچی...متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیاہے کہ لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں کی وزراء کی سرپرستی میں کچھی اور دیگر برادریوں پر مسلح حملے فوری بند کرائے جائیں۔کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے جاری اعلامیے کے مطابق رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ کچھی اور دیگر برادریوں کو لیاری گینگ وار کی دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھانے کی سزا دی جارہی ہے۔حکومتی وزراء کی سرپرستی کے باعث ظلم وجبر اور قتل و غارت گری میں ملوث لیاری گینگ وار کے عناصر کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گینگ وار کے دہشت گرد جدید ہتھیاروں کے ساتھ دستی بموں کا بھی استعمال کررہے ہیں، رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم کے آفس پر بھی دستی بم سے حملہ کیا گیا۔