11 جولائی 2011
وقت اشاعت: 16:56
کراچی: لیاری سمیت اولڈ سٹی ایریا میں فائرنگ، 4افراد ہلاک
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . کراچی میں اورنگی ٹاوٴن،قصبہ کالونی اورکٹی پہاڑی پرہلاکتیں تھم گئیں لیکن لیاری سمیت اولڈ سٹی ایریا میں پولیس بے بس اور رینجرز غائب ہے جبکہ مسلح افراد کاراج قائم ہوگیاہے۔فائرنگ کے نتیجے میں4افراد ہلاک اور6سے زائد زخمی ہونے سے متاثرہ علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہوگئی ہیں۔ کراچی کئی روز سے دہشتگردوں کے نرغے میں ہے اورشہریوں کی جان ومال کے تحفظ پرماموراداروں کے اہلکارناکام نظر آرہے ہیں۔ اورنگی ٹاوٴن،قصبہ کالونی اورکٹی پہاڑی پر حکومتی عملداری قائم ہوئی تولیاری سمیت اولڈ سٹی کے کاروباری اورگنجان آبادی والے علاقے مورچہ بندفائرنگ اوردستی بم حملوں کا شکارہورہے ہیں۔ کشیدگی کاسلسلہ اس وقت شروع ہواجب ایک شخص کی لاش کھارادرسے ملی اور پھردوگروہوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے، دستی بموں سے حملوں سے جوڑیابازار،صرافہ بازار،پان منڈی،میریٹ روڈ ،حاجی کیمپ ،کھڈا مارکیٹ آگرہ تاج سمیت تمام تھوک کاروباری مراکزبندکرادیئے گئے۔علاقہ مکینوں کے احتجاج سے ماڑی پور روڈ بند ہوگیاجس کے نتیجے میں اطراف کی اہم سڑکوں پربد ترین ٹریفک جام ہو گیا۔فائرنگ کے نتیجے میں4افراد ہلاک اور6سے زائد افراد زخمی ہوگئے،اس تمام صورتحال میں پولیس بے بس اور رینجرز منظرعام سے غائب نظرآئی۔