11 جولائی 2011
وقت اشاعت: 17:7
پنجاب کی صنعتوں کو یومیہ اضافی گیس کی فراہمی شروع
جنگ نیوز -
فیصل آباد . . . . . پنجاب کی صنعتوں کو آج سے سات کروڑ 60 لاکھ مکعب فٹ یومیہ اضافی گیس کی فراہمی شروع کردی گئی ہے، جس کے بعد صنعتیں ہفتے میں پانچ روز بلاتعطل پیداواری عمل جاری رکھ سکیں گی۔چیرمین اپٹما گوہر اعجاز نے جیو نیوز کوبتایاکہ وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی صنعتوں کو اضافی گیس فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی جس پر آج سے عمل درآمد شروع ہوگیا ہے۔اضافی گیس ملنے کے بعد صنعتیں ہفتہ میں پانچ روز بلاتعطل پیداواری عمل جاری رکھ سکیں گی، اس سے پہلے صنعتوں کو ہفتے میں تین سے چار روز گیس فراہم کی جارہی تھی۔انہوں نے بتایا کہ صنعتوں کو اضافی گیس، دو نجی بجلی گھروں کو گیس کی فراہمی منقطع کرنے کے بعد دی گئی ہے۔ صنعتوں کو اضافی گیس کی بحالی ساڑھے تین ماہ بعد کی گئی ہے۔