12 جولائی 2011
وقت اشاعت: 7:0
شمالی و جنوبی وزیرستان میں ڈرون حملے،31افراد ہلاک،متعدد زخمی
جنگ نیوز -
وانا…شمالی و جنوبی وزیرستان میں گزشتہ 11 گھنٹوں کے دوران دو جاسوس طیاروں کے میزائل حملوں میں 31 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔ 10 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ذرائع کے مطابق گزشتہ 11 گھنٹوں کے دوران پہلا حملہ 11 جولائی کی شب 9 بجے شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر کے قریب گرویک کے علاقے میں کیا گیا۔ جہاں ایک گاڑی پر 2 اور مکان پر 8 میزائل داغے گئے۔ حملے میں 25 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جبکہ دوسرا ڈرون حملہ جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے برمل میں کیا گیا۔ جہاں جاسوس طیارے سے ایک گاڑی پر دو میزائل داغے گئے۔ یہاں اب تک 6 افراد کی ہلاکت اور 5 زخمیوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔ حملے کے بعد بھی 4 جاسوس طیارے فضا میں موجود ہیں۔ جن کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے ۔