12 جولائی 2011
وقت اشاعت: 17:54
قبائلی علاقوں کے آپریشن متاثرین کی فوری مدد کی جائے، ایچ آر سی پی
جنگ نیوز -
کراچی...ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشن اور کراچی میں تشدد کے واقعات کے باعث اپنے گھروں سے نقل مکانی کرنیوالوں کی فوری مدد کی جائے ۔اپنے ایک بیان میں ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے کرم ایجنسی اور کراچی میں لوگوں کی نقل مکانی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمارکے مطابق کرم ایجنسی میں فوجی آپریشن کی وجہ سے تقریباً چالیس ہزار لوگ اپنے گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہوچکے ہیں اور ان لوگوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔ ایسے لوگوں کے پاس کھانے پینے کی اشیا اور دیگر ضروری سامان بھی نہیں ہے جبکہ کراچی میں بھی امن و امان کی خراب صورتحال کی وجہ سے ہزاروں لوگ اپنے گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہوچکے ہیں۔ایچ آر پی سی نے مطالبہ کیا ہے کہ ان لوگوں کے مسائل کو فوری طورپر حل کیا جائے۔ایچ آر سی پی کے مطابق گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی سیلاب آنے کا خدشہ ہے جس سے عوام کی مشکلات میں بہت زیادہ اضافہ ہوسکتا ہے۔ سیلاب سے نمٹنے اور عوام کے مسائل ان کے اپنے علاقوں میں ہی حل کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔