12 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:58
پاک بحریہ کے پی تھری سی اورین نے مرمت کے بعد پرواز شروع کردی
جنگ نیوز -
کراچی...پاکستان نیوی کے فضائی مرکز مہران بیس پر دہشت گرد حملے کا نشانہ بن کر گراؤنڈ ہونیوالے پاک بحریہ کے ایک پی تھری سی اورین طیارے نے مرمت کے بعد پروازیں شروع کردی ہیں۔ذرائع کے مطابق 22 مئی کو کراچی میں مہران نیول ایر بیس پر ہونے والے حملے میں پاک بحریہ کے پانچ پی تھری سی اورین طیاروں میں سے دو طیارے دہشت گردوں کے راکٹ حملے میں تباہ ہوگئے تھے جبکہ دو طیاروں کو گولیاں لگنے سے شدید نقصان پہنچا تھاجبکہ پانچواں طیارہ فاضل پرزہ جات کی کمی کی وجہ سے گراؤنڈ ہے۔ پاک بحریہ کے ذرائع کے مطابق دہشت گروں کے حملے میں متاثر ہونے والا دوسرا طیارہ بھی مرمت کے آخری مراحل ہے اور جلد پرواز یں شروع کردے گا۔ پی تھری سی طیارہ دشمن کی آبدوزوں کو نشانہ بنانے اور سمندری حدود کی نگرانی کرنے والے جدید ترین طیارہ ہے۔ پی تھری سی طیاروں کے دوبارہ آپریشن میں آنے کے بعد پاک بحریہ کی سمندری حدود کی نگرانی کے نظام میں بہتری آئی ہے۔