13 جولائی 2011
وقت اشاعت: 11:35
بلوچ عوام کو جائز حقوق دے کر غلطیوں کا ازالہ کرینگے، وزیر اعظم
جنگ نیوز -
کوئٹہ…وفاقی کابینہ کا خصوی اجلاس وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت کوئٹہ میں جاری ہے، اجلاس میں آغازحقوق بلوچستان پیکیج پر عملدرآمد اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت آج وزیراعلی سیکریٹیرٹ میں گیارہ بجکر پچپن منٹ پر شروع ہوا ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ، وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ وہ بلوچستان میں کابینہ کا اجلاس منعقد کرکے خوشی محسوس کررہے ہیں، انہوں نے ابتداء میں بلوچستان کی اہمیت کے حوالے سے قائداعظم محمد علی جناح کی تقریروں کا حوالہ دیا اور صوبے کے تحریک پاکستان میں کردار کو سراہا،وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ ہم بلوچستان کے مسائل سے کبھی لاتعلق نہیں رہے، اور ہمیں یہاں پائے جانے والے احساسات کا احساس ہے اور اس لئے ہم اپنیذمہ داری مکمل طور پر ادا کرنا چاہتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت کو سیلاب کی تباہ کاریوں کے علاوہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کا سامنا کرنا پڑا تاہم اس کے باوجود ہم نے صوبے کے حقوق کی فراہمی کے حوالے سیذمہ داری پوراکرنے کی کوشش کی ہے انہوں نے کہا بلوچستان کے لئے کئے گئے اقدامات سے صوبے کو دوسرے صوبوں کے برابر لانے میں مدد ملے گی، آغاز حقوق بلوچستان پیکیج کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت نے عوام سے جو وعدے کئے وہ پورا کئے اور اس کے ساتھ ساتھ وہ بلوچستان کی ترقی کے حوالیسے اپنی مزید ذمہ داریاں بھی پورا کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ آغاز حقوق بلوچستان پیکیج پر خاطرخواہ پیشرفت ہوچکی ہے اور اس میں مزید تیزی آئے گی، اور اس پیکیج پر عملدرآمد سے صوبے کے عوام میں ہم آہنگی پیدا ہو گی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلوچستان میں فوجی چھاونیوں کی جگہ ایف سی تعینات کردی گئی ہے جبکہ بلوچستان میں ترقی کے عمل میں صوبے کے عوام اور حکومت یکساں شامل ہے اور صوبے میں بڑے منصوبے صوبے کی مرضی سے شروع کیے جائیں گے اور بلوچستان میں ترقی کے عمل میں صوبے کے عوام اور حکومت یکساں شامل ہے، جبکہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے حوالے سے کام جاری ہے اور ملازمتوں کی فراہمی کے لئے پالیسی وضع کردی گئی ہے،وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا رواں سال کے دوران بلوچستان کے 120طلبا اور 30طالبات کو ملک کے مختلف تعلیمی اداروں میں تعلیم فراہم کی جائے گی، وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی، وزیراعلی نواب اسلم رئیسانی بھی شریک ہیں۔