13 جولائی 2011
وقت اشاعت: 15:6
شاہد کاردار موجودہ حکومت میں مستعفی ہونیوالے تیسرے گورنر اسٹیٹ بینک
جنگ نیوز -
کراچی...اسٹیٹ بینک کے گورنر شاہد ایچ کاردار مستعفی ہوگئے،وہ موجودہ حکومت کے دور میں عہدے چھوڑنے والے تیسرے گورنر بن گئے ہیں۔ ذرائع نے جیو نیوز کوبتایا کہ شاہد ایچ کاردار کو گزشتہ چند مہینوں سے شرح سود سے متعلق حکومتی دباوٴ کا سامنا تھا۔ دباوٴ ڈالنے والوں کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی شرح میں کمی ہوئی ہے اور شرح سود کو بھی کم کیا جائے جس پر اسٹیٹ بینک کی طرف سے مزاحمت کی گئی۔اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک کی رپورٹس میں حکومتی پالیسیوں پر تنقید بھی حکومت کے لئے ناقابل برداشت بتائی جاتی ہے۔ اس سے قبل تقریباً انہی وجوہات کی بنیاد پر سید سلیم رضا کو بھی اپنے عہدے کی معیاد پوری ہونے سے قبل مستعفی ہونا پڑا تھا جبکہ حکومت نے اختلافات کی بنیاد پر ڈاکٹر شمشاد اختر کی مدت ملازمت میں توسیع نہیں کی گئی تھی۔پیپلز پارٹی کی حکومت اور اسٹیٹ بینک گورنر کے تعلقات ہمیشہ کشیدہ رہے ہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو نے 1971 میں اقتدار سنبھالنے کے ساتھ ہی اس وقت کے گورنر اسٹیٹ بینک ایس یو درانی کو گرفتار کرلیا تھا۔ اسی طرح 1989 میں بھی گورنر اسٹیٹ بینک امتیاز عالم حنفی کو جبرا عہدہ چھوڑنا پڑا تھا اور حکومت کے خاتمے پرانہیں دوبارہ عہدے پر بحال کردیا گیاتھا۔