13 جولائی 2011
وقت اشاعت: 15:17
کراچی اسٹاک میں تیزی،100انڈیکس 12ہزار262پوائنٹس پر بند
جنگ نیوز -
کراچی...کراچی اسٹاک ایکس چینج میں دوروزہ مندی کے بعد تیزی رہی اور انڈیکس بارہ ہزار دو سو پوائنٹس کی سطح کو عبور کرگیا۔ بدھ کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اوریہ رحجان تمام دن مارکیٹ میں جاری رہا۔ سرکاری مالیاتی اداروں کی جانب سے خریداری نے مارکیٹ کو سہارا دیا۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 71پوائنٹس اضافے کے ساتھ بارہ ہزار 262پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کاروباری حجم چار کروڑشیئرزرہا۔ سب سے زیادہ کام فوجی فرٹیلائزر بن قاسم کے شیئرز میں ہواجس کی قیمت ایک روپے11پیسے اضافے کے ساتھ45روپے53 پیسے ہوگئی۔دوسری جانب کے ایس ای تھرٹی انڈیکس 49 پوائنٹس اضافے کے ساتھ گیارہ ہزار 709پوائنٹس پر بند ہوا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ میں اتار چڑھاوٴ کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔