13 جولائی 2011
وقت اشاعت: 19:43
ممبئی پھر دھماکوں کی زد میں ، لگاتار تین بم دھماکے، 21افراد ہلاک
جنگ نیوز -
ممبئی....بھارت کا شہر ممبئی ایک بار پھر دھماکوں کی زد میں آگیا،آج شہر کے مصروف علاقوں میں ہونیوالے لگاتار تین بم دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی ہے، 113سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ مرنے والوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔ پولیس نے ممبئی کی ناکا بندی کردی ہے،دارالحکومتنئی دہلی سمیت اہم شہروں میں سکیورٹی الرٹ کردی گئی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے شام کے وقت20منٹ کے اندر ممبئی کے علاقوں دھادر ، جھاویری بازار اور کولابا میں ہوئے۔ اس وقت دفاتر اور کام سے گھر واپس جانے والوں کا رش تھا۔ دھادر کے علاقے میں بم ٹیکسی کار میں نصب کیا گیا تھا جو مشہور کبوتر خانہ بلڈنگ کے قریب کھڑی گئی تھی۔ اس کے فوراً بعد جھاویری بازار میں دھماکے کی اطلاع ملی جو گنجان آباد علاقہ ہے اور یہاں زیادہ تر جیولرز کی دکانیں ہیں۔ اس علاقے میں دھماکا خیز مواد ایک اشتہاری بورڈ کے میٹر میں نصب کیا گیا تھا۔ جھاویری بازار وہی علاقہ ہے جہاں 1993 کے دھماکوں میں 53 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ تیسرا دھماکا کولابا میں ہوا جس کیلئے موٹر سائیکل میں بم نصب کیا گیا تھا۔ بھارتی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دھماکے دہشت گردی کی کارروائی ہیں جس کیلئے دیسی ساختہ بم استعمال کئے گئے۔ دھماکوں سے جائے وقوع کے آس پاس شدید ٹریفک جام ہوگیا ، جس کے بعدامدادی گاڑیوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔26نومبر 2008کے بعد یہ ممبئی دہشت گردی کی پہلی بڑی واردات ہے۔سینئر بھارتی حکام کے مطابق دہشت گردوں نے ممبئی میں زیورات کی خریدوفروخت کے مراکز کو نشانہ بنایا ۔سب سے خطرناک دھماکا ہیروں کی خریدوفروخت کے اوپرا ہاؤس میں کیا گیا۔ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ پرتھوی چاون کا کہنا ہے کہ یہ دوسرا موقع ہے کہ ممبئی کے مرکز کو نشانہ بنایا گیا ہے، تاہم ہم اس چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے پہلے سے زیادہ تیار تھے۔ انہوں نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔