13 جولائی 2011
وقت اشاعت: 20:37
ہمیں کم بخت کہنے والے ملک کی کم بختی ثابت ہورہے ہیں،فیصل سبزواری
جنگ نیوز -
کراچی… سندھ کے سینئر وزیرذوالفقار مرزا کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ ہمیں کم بخت کہنے والے پاکستان کی کم بختی ثابت ہورہے ہیں،میرے قائد کو وہ لوگ غدار کہہ رہے ہیں جن کے لیڈر نے پاکستان توڑنے کی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ قاتلوں کے ہجوم میں ہمارے خلاف گفتگو کی گئی،یہ کس نے کہا تھا کہ گولیاں چلیں گی تو مہاجروں کی لاشیں گریں گی کیونکہ ان کی اکثریت ہے، اب سب سے دیکھ لیا کہ ہمارے اپوزیشن میں آتے ہی کٹی پہاڑی پر مہاجروں کو مار اگیا۔انہوں نے کہا کہ وہ اب تک اپنے قائد کے حکم پر خاموش ہیں،اپنے مخالفین کے خلاف ان جیسی زبان استعمال نہیں کرنا چاہتا لیکن اگر یہ مخالفانہ زبان نہ رکی تو وہ حکومت کی بدعنوانیوں اور ذوالفقار مرزا کی بڑھتی ہوئی امارت کا سب کچا چٹھا کھول دیں گے۔ یہ لوگ کبھی سندھ اور کبھی بے نظیر کے پتے کھیلتے ہیں۔انہوں نے کہا ٹین پرسنٹ اور سینٹ پرسنٹ کے نام سے کون جانا جاتا ہے یہ سب جانتے ہیں، جاگیرداروں اور وڈیروں کے خلاف بولنے والوں کو کرمنل کہا جارہاہے۔