14 جولائی 2011
وقت اشاعت: 7:3
ذوالفقار مرزا کے بیان پر سندھ میں ہنگامہ آرائی،10افراد ہلاک
جنگ نیوز -
کراچی…سینئر صوبائی وزیر ذوالفقار مرزا کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے خلاف بیان کے بعد کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا اور کاروبار زندگی معطل ہوگیا۔ رات بھر جاری پرتشدد واقعات میں10افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ11 افراد کو اسلحہ سمیت گرفتارکرلیا گیا ہے۔میڈیکو لیگل آفیسر زکے مطابق 4لاشیں سول اسپتال،4جناح اور2لاشیں عباسی شہید اسپتال لائی گئی ہیں۔کئی علاقوں میں اب تک5 گاڑیوں،3 ٹرکوں اور 2 بسوں سمیت19گاڑیاں جلائی جاچکی ہیں اور اس کے علاوہ کئی دکانوں کی بھی آ گ لگادی گئی ہے۔کراچی کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے بعد پیٹرول پمپس،سی این جی اسٹیشن ،ہوٹلز اور دکانیں بند ہوگئیں ہیں۔ناظم آباد،گولیمار،لیاقت آباد،شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں شدید فائرنگ جاری رہی۔ فیڈرل بی ایریا،ابوالحسن اصفہانی روڈ،انچولی سوسائٹی کے علاقے میں مسلح افراد نے شدید فائرنگ کی جس کے باعث دکانیں بند ہوگئیں ہیں اور شہریوں میں شدید خوف وہراس پایا جاتا ہے۔ اولڈ سٹی ایریاز میں بھجی شدید فائرنگ کی گئی ہے۔ادھر حیدرآباد میں بھی فائرنگ کی زد میں آکر ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ کراچی کے متاثرہ علاقوں میں رینجرز نے گشت شروع کردیا ہے۔اندرون سندھ بھی ذوالفقار مرزا کے بیان کے بعد سخت کشیدگی پائی جاتی ہے۔لاڑکانہ ،نوڈیرو،سکھر کے علاقوں چوک میانی اور غریب آباد ،شکار پور ،ٹنڈوالہ یار ،میر پور خاص کے علاقوں میں بھی فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ایم کیوایم نے ذوالفقار مرزا کے بیان کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا ہے۔