14 جولائی 2011
وقت اشاعت: 7:3
ذوالفقار مرزا کے بیان پر ہنگامہ آرائی،رینجرز اہلکار سمیت12ہلاک
جنگ نیوز -
کراچی…سینئر صوبائی وزیر ذوالفقار مرزا کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے خلاف بیان کے بعد کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے اور فائرنگ کے واقعات میں رینجر اہلکار سمیت 12افراد ہلاک اور 19زخمی ہوگئے۔23 گاڑیاں بھی جلادی گئی ہیں جبکہ ہنگامہ آرائی کے الزام میں 11 افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔کراچی کے مختلف علاقوں میں جلاوگھیراواورفائرنگ کاسلسلہ تاحال جاری ہے۔گلشن اقبال کے علاقے مسکن کے قریب رینجرز کے اہلکار کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا جس کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔ناظم آباد ،کورنگی ،یوپی موڑ، نارتھ کراچی، گلشن اقبال ،فیڈرل بی ایریا اور ابوالحسن اصفحانی روڈ پر ایک درجن سے زائدگاڑیوں کونامعلوم افراد نے نذرآتش کردیا۔جبکہ بڑابورڈسمیت بعض علاقوں میں کئی دکانوں کوبھی آگ لگادی گئی۔جبکہ ناظم آباد،گولیمار،لیاقت آباد اور شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں شدید فائرنگ جاری ہے اور ایسی ہی صورتحال اولڈسٹی ایریاز،،فیڈرل بی ایریا،ابوالحسن اصفہانی روڈ اور انچولی سوسائٹی کے علاقے میں ہے۔جس کے باعث شہریوں میں شدید خوف وہراس پایا جاتا ہے، فائرنگ سے حسین آبادمیں ایک خاتون جاں بحق ہوئی جبکہ بلدیہ ٹاون،سرجانی ٹاون، شیر شاہ پراچہ چوک،،گھانچی پاڑہ ،شاہ راہ قائدین اورلیاقت آباد میں دیگرافرادنشانہ بنے۔کئی افرادزخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں سرکاری ونجی اسپتالوں میں منتقل کرکے طبی امداد دی جارہی ہے۔رات گئے فائرنگ اورجلاوگھیراوکے سبب دکانیں،چائے کے ہوٹل، میڈیکل اسٹور ،سی این جی پمپ اورپیٹرول پمپ بندکردیے گئے تھے۔کشیدہ علاقوں میں حالات پر قابو پانے کے لیے رینجرز اہلکاروں نے فلیگ مارچ بھی کیااورکئی مبینہ شرپسندوں کوگرفتار کرکے اسلحہ برآمدکرنے کادعوی کیاگیاہے تاہم صورتحال اب بھی معمول پرنہیں آئی۔