14 جولائی 2011
وقت اشاعت: 10:13
ذوالفقار مرزاکے بیان سے پختون عوام کاکوئی تعلق نہیں ،اے این پی
جنگ نیوز -
کراچی…عوامی نیشنل پارٹی .سندھ کے ترجمان نے کہا ہے کہ قیام امن کی مکمل ذمے داری سیاسی جماعتوں،عوام سے زیادہ میڈیا پر عائد ہوتی ہے۔حالات اور موقع کی نزاکت کا ادراک صحافیوں سے زیادہ کوئی نہیں کرسکتا۔تمام اداروں کو اپنے فرائض کا ضابطہ اخلاق خود پر لاگو کرنا امن و امان کی بہتری کیلئے ایک اہم ضرورت ہے ۔ ترجمان نے سندھ بھر میں ایک بار پھربے گناہ انسانوں کی قیمتی جانوں کے نقصان اور ٹرانسپوٹ و املاک کی آتش زنی اور ہنگامہ آرائی کے واقعات پر اپنے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہ حیثیت مسلمان احکامات نبوی کے مطابق کہ’مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھ اورزبان سے دوسرا انسان محفوظ رہے‘کو خود پر لاگو کرنا ہوگا۔پر تشدد رجحانات سے عوام میں شدید خوف و ہراس پیدا ہوچکا ہے۔ عوام سیاسی جماعتوں کو اپنے مسائل میں کمی کے بجائے اضافے کا سبب سمجھنے لگے ہیں۔میڈیا میں بے لاگ تبصروں کو عوام خدمت کے بجائے زحمت سمجھنے لگے ہیں۔اظہار رائے کا حق ہر شخص کو حاصل ہے اور ایسی حق کے حصول کیلئے میڈیا اور عوام نے بے بہا قربانیاں دیں ہیں۔ ترجمان نے صوبہ سندھ کے سینئر وزیر ڈاکڑ ذوالفقار مرزا کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صوبائی صدر شاہی سید کی جانب سے سندھ کی پارلیمانی جماعتوں کے رہنماوٴں کو کمشنری نظام کی بحالی کی خوشی میں عشائیہ دیا گیا تھا۔جس میں آنے والے تمام مہمان اس بات کا ادراک رکھتے تھے کہ تقریب کا مقصد محض خوشی کا اظہار ہے اور ڈاکٹر دوالفقار مرزا بھی شاہی سید کے مہمان تھے۔میڈیا کے مخصوص صحافیوں کی ضد اور موقع و حالات کے بر خلاف سوالات پر موصوف نے غیر متوقع طور پر سخت لب و لہجہ اختیار کیا جس کا عوامی نیشنل پارٹی اور پختون عوام سمیت کسی سے کوئی تعلق نہیں بلکہ وزیر موصوف کا اپنا ذاتی فعل تھا۔عوامی نیشنل پارٹی پاکستان میں رہنے والی تمام قومیتوں کو عزت و احترام سے دیکھتی اور تسلیم کرتی ہے۔عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماوٴں نے سب سے پہلے اردو بولنے والوں کی سماجی حیثیت کو تسلیم کرکے لسانی فسادات کی تمام سازشوں کو دفنا دیا تھا۔خان عبدالولی خان کے پرچارک آج بھی ایسی اردو بولنے والوں کی قیام پاکستان کیلئے دی جانے والی قربانیوں کو خلوص دل سے تسلیم کرتے ہیں۔گذشتہ چند دنوں سے جس طرح پشتو اور اردو بولنے والوں کے دل میں سندھی عوام کے لئے نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اس سے عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے اپنی تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔متحدہ قومی موومنٹ سے اپیل ہے کہ عوام کے جذباتی ردعمل میں پختون ، پنجابی، بلوچ اور دیگر قومیتوں کے بے گناہ عوام کونقصان نہ پہنچے۔احتجاج عوام کا جمہوری حق ہے اور اظہار رائے بنیادی حق ہے لیکن بے گناہ عوام کے جانی و مالی نقصان سے باہمی اخوت و بھائی چارے کو شدید اور ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔