14 جولائی 2011
وقت اشاعت: 11:31
امریکی امداد کی معطلی، پاک امریکا تعلقات خاتمے کے قریب
جنگ نیوز -
کراچی…رفیق مانگٹ…عالمی میڈیا کے مطابق امریکا کی طرف سے پاکستان کی فوجی امداد میں 800 ملین ڈالر کی کٹوتی کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے تناظر میں پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سربراہ بات چیت کے لیے واشنگٹن گئے ہیں۔ پاکستانی فوج کے مطابق شجاع پاشا کا یہ دورہ پہلے سے طے نہیں تھا۔ ایک خفیہ امریکی آپریشن میں پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد سے آئی ایس آئی پر طالبان سے روابط کے حوالے سے امریکی حکام کا شدید دباوٴ ہے۔قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق امریکا کا پاک فوج کی امداد روکنا اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ امریکا پاکستان سے پیچھے ہٹ رہا ہے اور پاک امریکا تعلقات کا خاتمہ ہونے کے قریب ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے فاکس نے برطانوی خبر رساں ادارے کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان رواں برس جنوری میں ریمنڈ ڈیوس کے واقعے سے کشیدہ چلے آرہے ہیں۔مئی میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت نے ان تعلقات کو مزید کشیدہ کردیا کیونکہ پاکستانی حکام اس مقصد کے لیے کیے جانے والے خفیہ امریکی آپریشن کو ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی سمجھتے ہیں۔پینٹاگون کے مطابق گزشتہ آٹھ ماہ کے واقعات تعلقات میں تناوٴ کا سبب بنے ہیں۔اسامہ کی ہلاکت کے بعد پاکستان نے امریکی فوجی تریبت کاروں کو بھی ملک سے چلے جانے کو کہا تھا۔ ان حالات میں امریکا کی جانب سے مسلسل ڈو مور کا مطالبہ کرنے کیساتھ پاکستان کے لیے منظور کی جانے والی دو بلین ڈالر کی فوجی امداد میں سے قریب 800 ملین ڈالر کی امداد روک لی گئی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد پاکستانی اقدامات پر امریکی ناپسندیدگی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس واقعے کے بعد عسکریت پسندوں کے خلاف مشترکہ آپریشنز متاثر ہوئے تھے۔ وائٹ ہاوٴس نے پاکستان کے بعض اقدامات کو پاک فوج کی کروڑوں ڈالر کی امریکی امداد کی معطلی کا سبب قرار دیا ہے۔ امریکا نے 2002سے پاکستان کو 20ارب ڈالر مدد دی جس میں نو ارب ڈالر پاک فوج کو دیئے گئے۔ایرانی خبر رساں ادارےRNA Iکے مطابق پاکستان نے 100 امریکی ٹرینرز کو نکال دیا اور امریکی فوجی افسران کو بھی ویزے سے انکار کر دیا ہے جس پر اوباما انتظامیہ پاک فوج سے ناراض ہے ۔ چینی خبر رساں ادارXinhua کا کہنا ہے کہ تجزیہ کاروں کی اکثریت خیال کرتی ہے کہ امریکی فیصلہ عسکریت پسندوں کے خلاف مہم کو نقصان پہنچاسکتا ہے۔پاکستان کے ریٹائر آرمی جرنیلوں اور حزب اختلاف کی جماعتوں نے حکومت سے مشروط امریکی امداد کو رد کرنے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کا یہ وقت ہے۔