14 جولائی 2011
وقت اشاعت: 11:42
ذوالفقار مرزا کی معذرت، سادے کاغذ پر ہاتھ سے لکھا بیان جاری
جنگ نیوز -
کراچی…پیپلز پارٹی سندھ کے سینئرنائب صدرڈاکٹرذوالفقار مرزا نے محکمہ اطلاعات اور پیپلزمیڈیا سیل سے جاری تحریری اعلامیے میں اپنے بیان پر معذرت کرلی ہے۔محکمہ اطلاعات کی جانب سے جاری شدہ سادہ تحریری اعلامیے میں سینئر صوبائی وزیرڈاکٹرذوالفقار مرزاکی جانب سے کہاگیا ہے کہ گزشتہ روز دیا جانے والا بیان ان کی ذاتی رائے پر مبنی ہے ،اس کا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں تھا پھر بھی اگر کسی کی دل آزاری ہوئی تووہ تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں۔انہوں نے کہاکہ اردو بولنے والے ہمارے بھائی تھے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے لئے انہوں نے بھی قربانیا ں دی ہیں جبکہ ہجرت کرکے پاکستان بالخصوص سندھ آباد ہونیوالوں کو ہمارے بڑوں نے سینے سے لگایا اور تب سے ہم مل کر ایک ہی خاندان کی طرح رہ رہے ہیں۔ڈاکٹرذوالفقار مرزا نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ بیان میں انہوں نے اس خاص سوچ کی جانب نشاندہی کی تھی جو صوبہ سندھ میں معصوم اور بے گناہ لوگوں کو موت کی بھینٹ چڑھارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقاء اسی میں ہے کہ آپس کی رنجشوں کو بھلا کر مفاہمت کی راہ اختیارکی جائے۔پیپلز میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئرنائب صدر ذوالفقار مرزا کا گزشتہ رات بیان ذاتی رائے تھی پارٹی پالیسی نہیں تھی۔