تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
14 جولائی 2011
وقت اشاعت: 13:33

این آئی سی ایل کیس: حکومت کا ظفر قریشی کو بحال کرنے سے انکار

جنگ نیوز -
اسلام آباد...حکومت نے این آئی سی ایل کیس میں ظفر قریشی کو بحال کرنے سے انکار کر دیا تاہم چار تفتیشی افسران کو دوبارہ کیس کی تحقیقات پر مامور کردیا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہیں کہ عدالت ملزمان کو پکڑواتی ہے اور حکومت تحفظ دیتی ہے، کیا عدالت یہ سمجھے کہ اس کیس میں سیاسی مداخلت کی جا رہی ہے؟، یہ کیس تو مصیبت بن گیا ہے۔این آئی سی ایل کیس کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ ظفر قریشی کو این آئی سی ایل کیس کی تفتیش پر بحال کرکے رپورٹ آج ہی عدالت میں پیش کریں۔ عدالتی وقفے کے بعد اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے ظفر قریشی کو بحال کرنے سے انکار کردیا ہے جبکہ ایف آئی اے کے باقی چار اہلکاروں کو دوبارہ این آئی سی ایل کیس کی تحقیقات پر مامور کردیاگیا ہے۔ اس سیپہلے جب سماعت شروع ہو ئی توچیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے قائم مقام ڈی جی ایف آئی اے سے چار اہلکاروں کی این آئی سی ایل کیس میں بحالی کا نوٹی فیکیشن مانگا جس پر ایف آئی اے نے ایک ڈرافٹ پیش کرنے کی کوشش کی۔ اس پر چیف جسٹس نے سخت برہمی کا اظہار کیا اوردس منٹ میں نوٹس لانے کو کہا۔ قائم مقام ڈی جی ایف آئی اے نے عدالت کے سامنے چار اہلکاروں کی واپسی کا نوٹیفیکیشن دستخط کر کے پیش کر دیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جس شخص کے بیرون ملک اکاوٴنٹ میں چودہ ہزار پاوٴنڈ پڑے ہیں اُسے سب بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔چالان بھی اب تک مکمل نہیں۔عدالت ملزمان کو پکڑواتی ہے اور حکومت تحفظ دیتی ہے۔کیا عدالت یہ سمجھے کہ اس کیس میں سیاسی مداخلت کی جا رہی ہے؟چیف جسٹس نے کہا کہ کیس مصیبت بن گیا ہے ، عدالت کے خلاف اشتہار بھی چلائے جا رہے ہیں۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.