14 جولائی 2011
وقت اشاعت: 13:55
الطاف حسین کی عوام سے احتجاجی مظاہرے ختم کرنے کی اپیل
جنگ نیوز -
لندن...متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرے ختم کرنے کی اپیل کردی۔ایم کیو ایم کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پاکستان بھر کے عوام سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ ملک کی موجودہ نازک صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے بانیان پاکستان کی اولادوں کے خلاف نسل پرستانہ اور متعصبانہ زبان استعمال کرنے کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ ملتوی کردیں۔الطاف حسین نے پاکستان بھر کے حق پرست عوام سے کہاکہ انہوں نے بانیان پاکستان کی اولادوں کیلئے نازیبا زبان استعمال کرنے کیخلاف ملک بھر میں اپنا احتجاج رجسٹر کرادیا ہے۔ لہٰذا میں ان سے دردمندانہ اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ ملتوی کرکے فی الفور پرامن طریقے سے اپنے اپنے گھروں کو واپس لوٹ جائیں۔الطاف حسین نے کہا کہ پاکستان بھر کے حق پرست عوام نے بانیان پاکستان کی اولادوں کیخلاف زہریلے اور نسل پرستانہ، متعصبانہ اورفاشسٹ زبان اور رویہ کے خلاف جس غم وغصہ کا اظہار کیا اورمثالی اتحاد ویکجہتی کا مظاہرہ کرکے ملک بھر میں اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے اس پر ایک ایک پاکستانی زبردست خراج تحسین کا مستحق ہے۔