14 جولائی 2011
وقت اشاعت: 19:43
سندھ کابینہ میں ق لیگ اورفنکشنل لیگ کے چار نئے وزراء شامل
جنگ نیوز -
کراچی …سندھ کابینہ میں مسلم لیگ ق اور مسلم لیگ فنکشنل کے چار نئے وزراء شامل ہوگئے،تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس کراچی میں ہوئی جس میں قائم مقام گورنرسندھ نثار احمد کھوڑو نے وزراء سے حلف لیا۔گورنر ہاوٴس کراچی سے جاری اعلامیہ کے مطابق حلف لینے والے وزراء میں مسلم لیگ ق کے شہریارمہراور محمدعلی ملکانی اور مسلم لیگ فنکشنل کے جام مدد علی اور رفیق بانھبن شامل ہیں۔تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سمیت صوبائی وزراء اور مشیران کے علاوہ دیگراہم شخصیات نے شرکت کی۔بعدمیں مسلم لیگ ق کے رہنماحلیم عادل شیخ اور اعجاز شاہ شیرازی کو وزیر اعلیٰ سندھ کامشیر مقرر کردیا گیا،جس کانوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق کے ساتھ فنکشنل لیگ سے بھی دو مشیروں کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔