تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
14 جولائی 2011
وقت اشاعت: 19:43

آئی ایس آئی کے سربراہ شجاع پاشا کی سی آئی اے کے ڈائریکٹر سے ملاقات

جنگ نیوز -
واشنگٹن … آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل احمد شجاع پاشا نے امریکا میں سی آئی اے کے ڈائریکٹر مائیکل مورل سے ملاقات کی ہے۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملاقات کے دوران شمسی ایئر بیس کی حوالگی اور ڈاکٹر شکیل آفریدی کی رہائی سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی ۔ ڈاکٹر شکیل کے بارے میں کہا جاتاہے کہ یہ وہ شخصیت ہیں جنہوں نے ایک جعلی انسداد ہیپاٹائٹس ویکسی نیشن مہم کے ذریعے اسامہ بن لادن کے ڈی این اے کے نمونے لینے کی کوشش کی تھی۔ آئی ایس آئی کے سربراہ ایسے موقع پر واشنگٹن پہنچے ہیں جب امریکا نے پاکستان کی فوجی امداد کیلئے دی جانے والی رقم کی قسط روک لی ہے۔ دوسری جانب ریمنڈ ڈیوس کے معاملے کے بعد دونوں ملک کی انٹیلی جنس تنظیموں کے درمیان تعلقات سردمہری کا شکار ہوچکے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ آپریشن بھی معطل ہوگئے تھے۔ یہ تعلقات مزید تعطل کا شکار اس وقت ہوئے جب سی آئی اے نے ایبٹ آباد میں ایک آپریشن کرکے اسامہ بن لادن کو ہلاک کیا ، اس آپریشن کو پاکستان نے اپنی خودمختاری کی خلاف ورزی قراردیا تھا۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.