15 جولائی 2011
وقت اشاعت: 17:25
شدت پسندی کو جڑسے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہیں، وزیراعظم
جنگ نیوز -
اسلام آباد...وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ دہشت گردحملے شدت پسندی کو جڑسے اکھاڑ پھینکنے کی پالیسیوں کو تبدیل کراسکتے ہیں اور نہ ہمیں پیچھے ہٹایا جاسکتا ہے۔ ان کا کہناہے کہ امن کی بات کرنے پر دہشت گرد امیرمقام اور دیگر سیاسی قیادت کونشانہ بناناچاہتے ہیں۔ اسلام آباد میں مسلم لیگ ق کے رہنما امیر مقام نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی ۔اس موقع پر ملک کی سیاسی صورتحال اور امن وامان سے متعلق امورپرتبادلہ خیال کیاگیا۔امیرمقام نے وزیراعظم کو بتایاکہ انہیں شدت پسندوں نے کئی بارنشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم وہ شدت پسندی کیخلاف علم اٹھائے ہوئے ہیں۔وزیراعظم نے ان کی جرات وبہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی،شدت پسندی اور عسکریت پسندی کے خاتمے کیلئے پالیسیاں جاری رکھی جائیں گی اورملک کی اکثریت پراقلیت کی پالیسیوں اورسوچ کوغالب نہیں آنے دیاجائے گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ عوام کے منتخب نمائندوں سمیت شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔