16 جولائی 2011
وقت اشاعت: 3:44
پرویز مشرف اوران کی ا ہلیہ کے اعزازمیں گورنر ٹیکساس کا ظہرانہ
جنگ نیوز -
آسٹن / ٹیکساس …راجہ زاہد اختر خانزادہ… امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے گورنر اور ریپبلکن پارٹی میں صدارتی امیدوار کیلئے ٹکٹ کے خواہشمند رک بیری اور ان کی اہلیہ انیتا ڈینڈ کی جانب سے ریاست کے دارالخلافہ آسٹن میں واقع رہائش گاہ پر سابق صدر پاکستان جنرل(ر) پرویز مشرف اوران کی ا ہلیہ صبا مشرف کے اعزازمیں ایکظہرانے کا اہتمام کیا گیاجس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان خارجہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر رک بیری کی جانب سے اس ملاقات کے بعد انکے ٹیوٹر پر موجود اکاؤنٹ میں ایک دھندلی سی تصویر بھی پوسٹ کی گئی ہے جبکہ ملاقات کے حوالے سے گورنر رک بیری کے ریپبلکن پارٹی میں ان کے حریفوں کا کہنا ہے کہ انکو خارجہ امور کاکوئی تجربہ نہیں ہے اس لئے وہ صدارتی انتخابات کیلئے کمزور امیدوار ثابت ہوں گے۔ جبکہ امریکہ اخبارات نے اس ملاقات کے حوالے سے کہاہے کہ رک بیری اہم رہنما ؤں سے ملاقاتیں کرکے خارجہ امور سے متعلق معلومات لے رہے ہیں۔ سابق صدر پرویز مشرف گذشتہ ہفتے سے ریاست ٹیکساس میں ہی مقیم ہیں اور آج وہ یہاں ڈیلس میں اپنی پارٹی کی جانب سے منعقدہ ایک عشائیہ میں بھی شرکت کریں گے اور اگلے ہفتے وہ نیویارک تشریف لے جائیں گے۔ پاکستان سے انکی پارٹی کے لاہور سے جنرل سیکریٹری فواد حسین بھی ڈیلس میں انکے ہمراہ ہیں۔