16 جولائی 2011
وقت اشاعت: 3:44
امریکانے لیبیا کی عبوری قومی کونسل کوقانونی حکومت تسلیم کرلیا
جنگ نیوز -
استنبول ... امریکا نے لیبیاکی عبوری قومی کونسل کوقانونی حکومت تسلیم کرلیا۔معمرقذافی نے فیصلے کومستردکردیا جبکہ بن غازی کے شہریوں نے خوشی کااظہار کیا ہے۔استنبول میں لیبیاپرانٹرنیشنل کانٹیکٹ گروپ کے اجلاس میں امریکی وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن نے عبوری قومی کونسل کوقانونی حکومت تسلیم کرنے کااعلان کیا۔اپنے خطاب میں ہلیری کلنٹن نے کہاکہ ٹی این سی لیبیاکے عوام کی نمائندگی کررہی ہے اوراسے قانونی گورننگ اتھارٹی کی حیثیت ملنے سے اپوزیشن کولیبیا کے کچھ منجمداثاثوں سے رقم فراہم کرناآسان ہوجائے گا۔دوسری جانب لیبیاکے رہنما معمرقذافی نے کانٹیکٹ گروپ کے اعلامیے کومستردکردیا ہے جس میں امریکا ،مغربی اورخطے کے تیس ملک شامل ہیں۔ ایک آڈیو تقریر کے ذریعے زلتان کے قصبے میں اپنے ہزاروں حامیوں سے خطاب میں قذافی نے کہا کہ وہ ایسی منظوریوں کوکوئی اہمیت نہ دیں، کیونکہ یہ بیکارہے ۔ادھر بن غازی کے شہریوں نے عبوری قومی کونسل کوعالمی برادی کی جانب سے تسلیم کیے جانے پرخوشی کااظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کے اس فیصلے سے عوام کوفائدہ ہوگااورلیبیا کو منجمد کی گئی رقم واپس ملنا شروع ہوجائے گی۔