16 جولائی 2011
وقت اشاعت: 11:54
ن لیگ کے ایم این اے انجم عقیل فراڈ کیس میں اشتہاری قرار
جنگ نیوز -
اسلام آباد…عدالت نے مسلم لیگ ن کے ایم این اے انجم عقیل کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔ڈی آئی جی اسلام آباد بن یامین کے مطابق انجم عقیل کو سول جج کی عدالت نے اشتہاری قرار دیا ہے،مسلم لیگ نون کے ایم این اے انجم عقیل بدستور مفرور ہیں۔اس سے قبل اور انہیں فرارکرانے کے الزام میں گرفتار تیس سے زائد ملزموں کا انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ریمانڈ دے دیا ہے، اس کیس میں گرفتارکئے جانے والے ایس پی سمیت تیرہ پولیس اہل کاروں نے عدالت سے ضمانت بھی کرالی ہے ۔ انجم عقیل کو گزشتہ شب تھانہ شالیمار کے عین سامنے بزور طاقت پولیس کی حراست سے چھڑالیئے جانے کے موقع پر تیس سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا تھا، ان میں انجم عقیل کے بہنوئی بھی شامل تھے، واقعہ کے بعد ایس پی ڈاکٹرندیم ، ایس ایچ او فیاض تنولی سمیت تیرہ اہل کاروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتارکرکے تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا ،،تھانہ شالیمار میں گرفتار ملزموں کو راول پنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے گیارہ ملزموں کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا جبکہ اکیس کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا ،گرفتارپولیس آفیسرز اور اہل کاروں کی ضمانت کے لئے درخواستیں اسلام آباد کی مقامی عدالت میں دائر ہوئیں جنہیں پچاس پچاس ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرلیا گیا، دوسری طرف مفرور انجم عقیل کی گرفتاری کے لیئے پولیس کی ٹیمیں مسلسل متحرک رہیں جبکہ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک تمام صورت حال کو خود بھی مانیٹر کر رہے ہیں ۔