17 جولائی 2011
وقت اشاعت: 11:53
ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری
جنگ نیوز -
کراچی. . . .. . .. ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں طویل اورغیراعلانی لوڈ شیڈنگ سے شہریوں کو شدیدپریشانی کا سامنا ہے۔سندھ کے شہروں نواب شاہ ،لاڑکانہ،جیکب آباد اوربدین کے شہری ودیہی علاقوں میں 14 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ معمول بن گئی ہے ۔ حیدر آباد اور سکھر میں 10 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔جس سے شہریوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔پنجاب کے شہری علاقوں میں 10 اور دیہی علاقوں میں 12 گھنٹے بجلی کی بندش سے گھریلو صارفین سخت پریشان ہیں۔بلوچستان میں نصیر آباد،جعفر آباد،جھل مگسی ،چمن ،پشین ،لورالائی سمیت مختلف علاقوں میں16 گھنٹے بجلی بند رہنے سے پینے کے پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور کارروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔خیبرپختونخوا میں بھی 10 گھنٹے بجلی بند رہنے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ادھر شہریوں کا کہنا ہے کہ کم وولٹیج کی وجہ سے کئی قیمتی برقی آلات ناکارہ ہوجاتے ہیں جس سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔