17 جولائی 2011
وقت اشاعت: 19:1
ارکان رابطہ کمیٹی کی الطاف حسین کے والدین اور شہداء کی قبروں پر حاضری
جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے اراکین سیف یار خان ، شکیل عمر ، سلیم تاجک اور حق پرست ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے شب برات کے موقع پر عزیز آباد اور پاپوش نگر کے قبرستان جاکر قائد تحریک الطاف حسین کے والدین اور حق پرست شہداء کی قبروں پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ اس موقع پر ایم کیوایم کے رہنماء عامر خان اور نائن زیرو کے مختلف شعبہ جات کے اراکین بھی موجود تھے ۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے الطاف حسین کی والدہ محترمہ خورشید بیگم مرحومہ ، والد نذیر حسین مرحوم ، بڑے بھائی ناصر حسین شہید ، بھتیجے عارف حسین شہید اور تمام حق پرست شہداء کے بلند درجات اور مغفرت کیلئے دعا بھی کی ۔ بعدازاں رابطہ کمیٹی کے اراکین نے عزیز آباد اور پاپوش نگر کے قبرستانوں کے باہر ایم کیوایم کے سیکٹرز کی جانب سے لگائی گئی دودھ اور پانی کی سبیلوں کا دورہ کیا اور شب برات کے موقع پر لائیٹنگ ، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کی تفصیلات معلوم کیں ۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے دودھ اور پانی کی سبیلوں پر موجود ایم کیوایم کے کارکنان کو قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے زبردست خراج تحسین بھی پیش کیا ۔ دریں اثناء قائد تحریک الطاف حسین نے متحدہ سوشل فورم کے انچارج لونگ خان چنہ کی والدہ محترمہ بختاور کے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں انھو ں نے مرحومہ کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرے۔ (آمین)۔علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے متحدہ سوشل فورم کے انچارج لونگ خان چنہ کی والدہ محترمہ بختاوراور ایم کیوایم محمود آباد سیکٹر یونٹ یوسی 1کے یونٹ انچارج حاجی محمود علی شیخ کی والدہ محترمہ زبیدہ بیگم کے انتقال پر گہرے دکھ داور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے مرحومین کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی ۔ر ابطہ کمیٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبرج میل عطا کرے ۔ (آمین)