18 جولائی 2011
وقت اشاعت: 4:1
کبیروالا:ٹریفک حادثے میں 8 افراد جاں بحق
جنگ نیوز -
کبیروالا ... کبیروالا کے قریب مسافر وین اور منی ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے سات افراد سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ملتان روڈ پل چاون کے مقام پر مسافر وین اور مخالف سمت سے آنے والے تیز رفتار منی ٹرک میں تصادم ہوگیا،حادثے کے نتیجے میں 5 خواتین دلاں مائی، صاباں، تسلیم، شائستہ، بلقیس مائی اور اس کے دو بیٹے گیارہ سالہ رمضان اور سات سالہ امان اللہ موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ 13 افراد زخمی ہوئے،زخمیوں میں 3 خواتین اور 10 مرد شامل ہیں،حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق کبیر والا کی بستی سیداں سے ہے،جو عمرہ کے ادائیگی کے لیے جانے والے رشتہ داروں کو الوداع کرنے ملتان ائرپورٹ جارہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا،تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال کبیروالا کے مطابق گیارہ زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں نشتر اسپتال ملتان منتقل کیا گیا جہاں وین کا ڈرائیور زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا جس کے بعد حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 8 ہوگئی۔