18 جولائی 2011
وقت اشاعت: 11:35
بوگس چیک کیس ، انجم عقیل کا3روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا گیا
جنگ نیوز -
اسلام آباد. . .. . . .فراڈ سمیت دیگر الزامات میں گرفتار مسلم لیگ نون کے ایم این اے انجم عقیل خان کا پولیس کو بالآخر بوگس چیک کیس میں تین روزہ جسمانی ریمانڈ مل گیا اسلام آباد کے تھانہ شالیمار میں درج مقدمات میں گرفتار انجم عقیل کو گزشتہ شب اسپتال میں معائنہ کرانے کے بعد آج راول پنڈی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، یہاں ان پر تھانے کے باہر حامیوں کی مدد سے پولیس حراست سے فرار ہونے کے الزام میں درج کیس کی سماعت ہوئی اور پولیس نے ان کا سات روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ، انجم عقیل نے فرار سے متعلق خود پر عائد الزامات کی تردید کی اور اپنے عارضہ قلب کا جواز بھی پیش کیا، عدالت نے ان کا اسپتال میں مکمل طبی معائینہ کراکے انہیں دس روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ، بعد میں وفاقی پولیس انہیں اسلام آباد کے سول جج کی عدالت لے گئی جہاں بوگس چیک کیس میں ان کا دس روزہ ریمانڈ مانگا گیا ، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد انجم عقیل کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ۔