18 جولائی 2011
وقت اشاعت: 14:44
ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان ایف آئی اے کے حوالے
جنگ نیوز -
اسلام آباد...مسلم لیگ(ن) سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان کو فرار کیس میں عدالتی ریمانڈ پر جیل جبکہ ساڑھے نو لاکھ روپے کے فراڈ کے مقدمہ میں تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔پولیس نے فراڈکے مقدمے میں انہیں ایف آئی اے کے حوالے کردیاہے۔انجم عقیل خان کو پولیس کے سخت پہرے میں انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت میں جج اکرم اعوان کے سامنے پیش کیا۔ پولیس نے موقف اختیارکیاکہ انجم عقیل خان پولیس کی حراست سے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فرارہوئے اوراس موقع پرفائرنگ بھی کی ۔ فرارمیں استعمال کی جانیوالی کاراوراسلحہ کی برآمدگی کیلئے ملزم کادس روزہ ریمانڈ دیاجائے، جبکہ انجم عقیل خان کے وکیل کاکہناتھاکہ فرارمیں ان کاکوئی ہاتھ نہیں اوروہ سازش کاشکارہوئے۔ وہ دل کے عارضے میں بھی مبتلا ہیں۔پمز اسپتال کے ڈاکٹروں نے انہیں اسپتال سے جانے کی اجازت دینے سے انکار کیا لیکن پولیس زبردستی انہیں تھانے لے گئی۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعدجسمانی ریمانڈکی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کاطبی معائنہ کرانے اورچودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پراڈیالہ جیل بھجوانیکاحکم دیا۔انجم عقیل کوجس مقدمہ میں گرفتارکیاگیاوہ اسلام آبادکے تھانہ شالیمارمیں درج ہے، مقدمے کے مدعی شفقات کے مطابق انجم عقیل خان نے ان سے ساڑھے نو لاکھ روپے لئے لیکن پلاٹ دیانہ رقم واپس کی۔ اس مقدمے میں انہیں لیاقت علی کھرل کی عدالت میں پیش کیاگیا۔ پولیس نے سات روزہ ریمانڈکی درخواست کی، تاہم عدالت نے ان کاتین روزہ ریمانڈ دیا۔